پنج شنبه 01/می/2025

اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر میں فلسطینیوں کے مزید مکانات مسمار کر دیے

پیر 20-جون-2016

اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں سوسیہ کے مقام پر فلسطینی شہریوں کے مزید کئی مکانات اور املاک مسمار کردی ہیں۔

اسرائیل کے عبرانی اخبار’ہارٹز‘ نے اپنی ویب سائیٹ پرپوسٹ ایک خبر میں بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ماہ صیام کے دوران بغیر اجازت کے بنائے گئے فلسطینیوں کے متعدد مکانات مسمار کردیے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دو مکانات اتوار کی شام مسمار کیے گئے جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی خواتین اور بچے گھر کی چھت سے محروم ہوگئے ہیں۔

اخبار رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے عالمی اداروں کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ سیکیورٹی فورسز غرب اردن میں فلسطینیوں کے مزید مکانات کی مسماری نہیں کرے گا مگر قابض کی طرف سے فلسطینیوں کی انہدامی کارروائیوں کا سلسلہ بدستوری جاری ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کے رابطہ دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ فوج ماہ صیام اور عید الفطر کے ایام میں فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری نہیں کرے گی مگر اس اعلان کے علی الرغم فلسطینیوں کی املاک کی مسماری کا ظالمانہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز جن دو مکانات کو گرایا گیا، ان میں سے ایک مکان میں خواتین اور بچوں سمیت 14 افرادسکونت پذیر تھے اور وہ سخت گرمی میں کھلے آسمان تلے بے یارو مدد گار ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری کی پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین نسلی امتیاز کی مظہر قرار دیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق قابض فوج نے گذشتہ چند ماہ کے دوران غرب اردن کے سیکٹر C میں فلسطینیوں کے 548 مکانات مسمار کردیے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی