جمعه 09/می/2025

رفح میں قابض اسرائیلی فوج پر القسام کا کاری وار، کئی صہیونی ہلاک اور و زخمی

جمعہ 9-مئی-2025

مرکز اطلاعات فلسطین

جنوبی غزہ کے شہر رفح میں جمعرات کو قابض اسرائیلی فوج کے غولانی بریگیڈ پر شدید حملے میں کئی صہیونی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے واقعے کو "سخت سکیورٹی سانحہ” قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ القسام بریگیڈ کے مجاہدین نے دھماکہ خیز مواد سے ایک عمارت کو اڑا دیا، جس میں غولانی بریگیڈ کی ٹیم موجود تھی۔

عبرانی ویب سائٹ "حدشوت بزمن” نے رپورٹ کیا کہ عمارت دھماکے کے نتیجے میں زمین بوس ہو گئی، جس کے ملبے تلے کئی فوجی دب گئے۔ رپورٹ کے مطابق ایک فوجی ہلاک اور کئی دیگر انتہائی تشویشناک حالت میں ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب، "حدشوت حموت” نامی صہیونی پلیٹ فارم نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج کو لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے، کیونکہ موقع پر زبردست جھڑپیں جاری ہیں۔ ہنگامی امداد کے لیے چار ہیلی کاپٹرز موقع پر اترے، جبکہ دیگر ہیلی کاپٹرز فضا سے فائرنگ کرکے انخلاء کو محفوظ بنانے کی کوشش کرتے رہے۔

صہیونی آبادکاروں کے آن لائن پلیٹ فارمز کے مطابق دھماکے والی عمارت میں 13 فوجی موجود تھے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق 3 صہیونی فوجی مارے گئے، جبکہ 7 زخمی ہوئے جن میں سے 4 کی حالت نازک ہے، مزید 3 تاحال ملبے تلے محصور ہیں، جن کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔

اسی دوران القسام بریگیڈ نے ٹیلیگرام پر جاری پیغام میں اعلان کیا کہ ان کے مجاہدین رفح کے مشرقی علاقے الجنینہ میں دشمن کی فوج اور بکتر بند گاڑیوں کے خلاف صفِ اول سے شدید جھڑپوں میں مصروف ہیں۔

ایک اور اطلاع میں القسام نے اعلان کیا کہ "ابواب الجحیم” نامی آپریشن کے تحت ان کے مجاہدین نے رفح کے علاقے التنور میں الفدائی چوک کے قریب ایک صہیونی انجینئرنگ ٹیم کو نشانہ بنایا، جو 12 فوجیوں پر مشتمل تھی۔ ایک مکان کو دھماکے سے اڑانے کی تیاری کر رہی تھی۔ مجاہدین نے دو اینٹی پرسنل اور اینٹی ٹینک راکٹ داغے، جن سے مکان میں زبردست دھماکہ ہوا اور صہیونی ٹیم میں ہلاکتیں و زخمیوں کی تصدیق ہوئی، جبکہ قابض فوج کو اپنے زخمیوں کے انخلاء کے لیے ہیلی کاپٹروں کا سہارا لینا پڑا۔

اسی آپریشن کی ایک اور کارروائی میں القسام نے عمر بن عبدالعزیز مسجد کے قریب 7 رکنی صہیونی دستے کو شدید دھماکے سے نشانہ بنایا۔ مجاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد دشمن فوجیوں کے اعضا بکھرتے ہوئے دیکھے گئے۔

رفح میں کئی دنوں سے صہیونی فوج کی جانب سے مشرقی علاقوں میں دراندازی کی کوششیں جاری ہیں، تاکہ شہر کو گھیر کر زیر زمین سرنگوں کے جال پر قبضہ کیا جا سکے۔

بدھ کو بھی القسام نے اعلان کیا تھا کہ اس کے مجاہدین نے رفح میں قابض اسرائیلی فوج کے 10 رکنی دستے کو گھیر کر قتل اوو زخمی کیا، جو "ابواب الجحیم” آپریشن کا حصہ تھا۔

قابض اسرائیلی فوج نے 18 مارچ کو دوبارہ غزہ میں نسل کش جنگ کا آغاز کیا، جس کے بعد سے فلسطینی مزاحمت نے کئی مؤثر حملے کیے ہیں، جن میں صہیونی فوج کے درجنوں اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے۔

قابض اسرائیلی فوج کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 850 فوجی مارے جا چکے ہیں، جن میں سے 410 صرف زمینی حملے کے آغاز یعنی 27 اکتوبر کے بعد سے ہلاک ہوئے۔

فلسطینی ذرائع کا الزام ہے کہ قابض اسرائیلی فوج اپنے جانی نقصانات کے اصل اعداد و شمار چھپا رہی ہے اور متعدد فلسطینی تنظیموں کے حملوں اور گھات لگا کر کی گئی کارروائیوں کو دانستہ نظر انداز کیا جا رہا ہے، حالانکہ ان میں کئی صہیونی اہلکار مارے گئے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی