ایجنسیاں
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے ہارڈ کِل (ہتھیاروں) اور سافٹ کِل (تکنیکی) صلاحیتوں کے ذریعے اب تک انڈیا کے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے۔
جمعرات کو آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے۔
اس سے قبل جمعرات کی صبح ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے نیوز بریفنگ سے خطاب میں کہا تھا کہ انڈیا کی جانب سے اب تک بھیجے گئے 12 میں سے زیادہ تر ڈرونز کو بروقت مار گرایا گیا تاہم، ایک انڈین ڈرون نے لاہور میں ایک فوجی مقام کو جزوی نقصان پہنچایا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ انڈیا نے مختلف مقامات پر ہیرپ ڈرونز بھیجے۔ اب تک 12 ڈرونز کو گرا چکے ہیں۔ لاہور،راولپنڈی، اٹک، گوجرانوالہ اور چکوال میں ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا۔
’ایک ڈرون لاہور کے قریب گرا جس کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہو گئے۔ سندھ کے علاقے میانو سندھ میں ایک شہری ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا۔‘
انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی پاکستان کی فضائی حدود میں ڈرنوز بھیجنے کا عمل جاری ہے۔ ’انڈیا نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔ یہ بہت ہی سنگین معاملہ ہے۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’انڈیا مساجد اور شہریوں پر حملوں کا مرتکب ہوا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح چوکنا ہیں۔‘
یاد رہے کہ پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب انڈیا نے پاکستان اور اس کے زیرِانتظام کشمیر میں چھ مقامات پر مجموعی طور پر 24 حملے کیے تھے۔