یکشنبه 04/می/2025

صہیونی جارحیت کی نئی خونچکاں واردات, خان یونس میں خیمہ زن بےگناہوں پر بمباری، 10 فلسطینی شہید

اتوار 4-مئی-2025

خانیونس – مرکز اطلاعات فلسطین

اتوار کے روز قابض اسرائیلی فوج نے ایک اور خونی سانحہ رقم کرتے ہوئے نیا اجتماعی قتل عام کیا جس کے نتیجےمیں ایک درجن کے قریب فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔قابض فوج نے جنوبی غزہ کے علاقے مواصی خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں کم از کم 10 شہری شہید ہوگئے، جن میں 7 خواتین شامل ہیں، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ ہولناک بمباری علاقے کے ’بئر نمبر 19‘ کے قریب کی گئی جہاں مہاجرین نے خیمے لگا رکھے تھے۔ شہداء میں ایک میاں بیوی، ایک باپ اور اس کی کمسن بیٹی بھی شامل ہیں۔ اس جرم کے ارتکاب کے بعد انسانی المیے کی شدت اور بڑھ گئی ہے۔

شہدا کی شناخت امین محروس سلام صیام اور ان کی اہلیہ سهام سلیمان محمد صیام، وعد محمد احمد ابو موسیٰ، سمیر رزق سلام صیام، اور ان کی بیٹی ،حفصہ سمیر رزق صیام، ہناء ناصر صیام، لیلیٰ محمد مسلم صیام، انتصار سمیر سلام صیام،سراج رائد ابو شعر اوردلال مصطفی محمد صیام کے ناموں سے کی گئی ہے۔

انسانی حقوق کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج جان بوجھ کر گھروں، خیموں اور سماجی تقریبات کو نشانہ بنا رہی ہیں، جس کا مقصد صرف قتلِ عام، خوف و ہراس پھیلانا اور فلسطینی سماجی ڈھانچے کو مکمل طور پر تباہ کرنا ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے امریکہ کی کھلی حمایت سے 7 اکتوبر 2023 ءسے غزہ میں جو قتل عام شروع کیا ہے، اس کے نتیجے میں اب تک ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد فلسطینی شہید یا زخمی ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے، جبکہ 11 ہزار سے زیادہ افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی