شنبه 03/می/2025

حماس کا بین الاقوامی قانونی اداروں سے فلسطینی صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ

ہفتہ 3-مئی-2025

غزہ – مرکزاطلاعات فلسطین

اسلامی تحریک مزا حمت ’حماس‘ نے دنیا بھر میں انسانی حقوق اور قانونی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئےقابض صہیونی ریاست اور اس کے غیرملکی آقاؤں کے دباؤ میں آئے بغیر فلسطینی صحافیوں کے تحفظ کے لیے آواز اٹھائیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی صحافیوں کے خلاف قابض دشمن کی جارحیت کو مجرمانہ قرار دے اور انہیں عالمی رائے عامہ کے سامنے بے نقاب کرے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا مشن جاری رکھتے ہوئے فلسطینیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور اسرائیلی جیلوں میں قید تمام قیدیوں کی فوری رہائی کے لیے دباؤ ڈالیں۔

آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر3 مئی کو حماس نے حق اور سچ کی آواز کو پہنچانے اور صہیونی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے میں میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قابض دشمن کے جرائم آوازوں کو خاموش کرنے اور فلسطینی بیانیہ کو دھندلا نے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے تمام زیر حراست صحافیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

حماس نے کہا "ایک ایسے وقت میں جب دنیا صحافیوں کے حقوق کا دن منا رہی ہے اور عالمی برادری آزادی صحافت کا مطالبہ کرتی ہے، ایسے میں صیہونی غاصب فلسطینی صحافیوں اور فلسطین میں کام کرنے والے تمام میڈیا اداروں کو جان بوجھ کر قتل، ظلم و ستم، گرفتاری، ہراساںی اور میڈیا کوریج پر پابندی کے ذریعے اپنی جنگ اور جارحیت کو جاری رکھے ہوئے ہے”۔

غزہ پر اسرائیل کی تباہی کی جنگ کے آغاز سے اب تک 212 صحافی شہید ہو چکے ہیں اور 177 سے زائد کو من مانی طور پر حراست میں لیا جا چکا ہے۔ انتالیس صحافی اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل ہیں اور غزہ کے درجنوں صحافیوں کو جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا ہے، جنہیں تشدد، بدسلوکی، فاقہ کشی اور طبی غفلت کے سنگین ترین جرائم کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

حماس نے مزید کہاکہ "آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ہم شہدائے صحافت اور فلسطینی قلمی ہیروز، صحافیوں اور میڈیا کے پیشہ ور افراد کے قتل عام پر ان کا سوگ مناتے ہیں۔

حماس نے تمام فلسطینی، عرب، مسلمانوں اور بین الاقوامی میڈیا اداروں سے اپیل کہ وہ پوری ذمہ داری کے ساتھ غزہ میں صحافیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کریں اور غزہ میں جنگی جرائم کی کوریج روکنے کی صہیونی سازشوں کا مقابلہ کریں۔

مختصر لنک:

کاپی