غزہ – مرکزاطلاعات فلسطین
قابض اسرائیلی حکام نے غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے متعدد قیدیوں کو رہا کیا، جن میں گذشتہ ماہ تل سلطان کے قتل عام میں زندہ بچ جانے والے پیرامیڈک اسعد النصاصرہ بھی شامل ہیں۔
عینی شاہدین نے اطلاع دی ہے کہ 10 قیدی بین الاقوامی کمیٹی آف ریڈ کراس کے توسط سے غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے دیر البلح میں الاقصی شہداء اسپتال پہنچے۔
فلسطینی اسیران مرکز نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والے متعدد قیدی کوسوویم چوکی کے راستے غزہ پہنچے۔ پھر انہیں شہدائے الاقصیٰ ہسپتال منتقل کیا گیا، جس نے تصدیق کی کہ ان کی حالت تشویشناک ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ تمام قیدیوں کو بدنام زمان سدی تیمان نامی جیل میں رکھا گیا ہے۔
فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی (PRCS) نے ایک مختصر بیان میں واضح کیا کہ قابض حکام نے پیرامیڈک نصاصرہ کو رہا کیا ہے جسے 23 مارچ کو رفح گورنری کے علاقے تل السلطان میں طبی عملے کے قتل عام کے دوران انسانی ہمدردی کا فریضہ ادا کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس جارحیت کے نتیجے میں سوسائٹی کے 8 کارکنان شہید ہوگئے تھے۔
قبل ازیں پیر کو قابض حکام نے غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے 11 قیدیوں کو رہا کیا تھا۔