چهارشنبه 30/آوریل/2025

قابض فوج کے ہاتھوں وسطی اور جنوبی غزہ کی پٹی میں دو الگ الگ مقامات پر قتل عام

پیر 28-اپریل-2025

غزہ – مرکزاطلاعات فلسطین

اتوار کو قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں کے خلاف دو نئے قتل عام کیے، جنگی طیاروں نے پٹی کے مرکز میں ایک کیفے ٹیریا اور جنوب میں ایک آباد مکان پر بمباری کی جن میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔

طبی اور مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ قابض فوج نے وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات اور البریج پناہ گزین کیمپوں کے داخلی راستے کے قریب صلاح الدین اسٹریٹ پر واقع الصفوی کیفے ٹیریا پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور بڑی تعداد میں عام شہری زخمی ہوئے۔

مقامی ذرائع نے انکشاف کیا کہ الصفوی کیفے ٹیریا قتل عام کے شہداء کی شناخت احمد الصفین، محمد ناہید الجادی، ہاشم ہشام السفتاوی اور ابراہیم واشح کے طور پر ہوئی ہے۔

عینی شاہدین نے یہ بھی بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے جنوب میں جورا اللوط کے علاقے میں کاویر خاندان کے مکان کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ اس مکان پر بمباری کے دوران ایک خاتون سمیت 3 شہری شہiد ہوگئے۔

النصیرات کے العودہ ہسپتال نے رپورٹ کیا کہ "مرکزی غزہ کی پٹی میں البریج کے داخلی راستے کے قریب صلاح الدین اسٹریٹ پر ایک کیفے کے اندر اسرائیلی قبضے کے شہریوں پر بمباری کے نتیجے میں تین شہید اور 13 زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

طبی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ دو شہداء وسطی غزہ کی پٹی کے دیر البلاح میں واقع الاقصی شہداء اسپتال پہنچے ہیں۔

18 مارچ کو دوبارہ شروع ہونے والی تباہی کی جنگ کے بعد 2,151 فلسطینی شہید اور 5,598 زخمی ہو چکے ہیں جب کہ 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی غزہ کی پٹی پر جاری فوجی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 52,243 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ سوا لاکھ کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی