نابلس – مرکزاطلاعات فلسطین
مغربی کنارے میں نابلس کے مشرق میں واقع قصبے سالم پر اسرائیلی قابض فوج کے چھاپے کے دوران ایک فلسطینی لڑکا جمعہ کے روز شدید زخمی ہونے کی وجہ سے دم توڑ گیا۔
قابض اسرائیلی فوج نے آج سہ پہر قصبے سالم پر دھاوا بول دیا اور شہریوں پر براہ راست گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں16 سالہ لڑکا عبدالخالق مصعب جبور سینے میں سیدھی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
ہمارے نامہ نگار نے مزید بتایا ہے کہ زخمی شخص کو نابلس کے رفیدیا سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی ٹیموں نے اسے زندہ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ اس کی جان بچانےمیں ناکام رہے۔ کچھ دیر بعد ڈاکٹروں نے اس کی شہادت کی تصدیق کردی۔
نابلس کے رفیدیا ہسپتال کے طبی ذرائع نے نابلس کے مشرق میں واقع گاؤں سالم کے ایک نوجوان عبدالخالق مصعب جبور کی اسرائیلی قابض فوج کے ہاتھوں شہادت کا اعلان کیا۔
قابل ذکر ہے کہ اس قصبے میں چھاپے کے بعد فلسطینی نوجوانوں اور قابض فوج کے درمیان جھڑپوں کے بعد شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔
نوجوان "جبور” کی شہادت کے بعد 2025 کے آغاز سے مغربی کنارے میں شہداء کی تعداد 130 ہو گئی ہے۔