چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی فوج کے غرب اردن اور بیت المقدس میں چھاپے، 9 فلسطینی گرفتار

اتوار 26-جون-2016

اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اور آج اتوار کو علی الصباح گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں نو فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر ہونے والی تلاشی کی کارروائیوں کے دوران فلسطینی شہریوں کی طرف سے مزاحمت بھی کی گئی اور کئی جگہ اسرائیلی فوج کی گشتی پارٹیوں پر سنگ باری کی گئی۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جب کہ گھروں میں توڑپھوڑ کے نتیجے میں شہریوں کا غیرمعمولی نقصان ہوا ہے۔ اسرائیلی فوجیوں نے خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا اور گھروں سے نقدی اور زیورات لوٹ لیے ہیں۔

جنین اور طوباس میں چھاپے

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مغربی کنارے کے شہر جنین میں کفر قود کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے چھاپہ مار کارروائیاں  کی جس کے نتیجے میں متعدد شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔

گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران سابق اسیر سائد ابو عبید کو بھی گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ابو عبید کے اقارب کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے ان کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران توڑپھوڑ کی اور گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو زد کوب کیا ۔

ادھر مغربی کنارے کے شمالی شہر طوباس سے ایک کارروائی کے دوران 30 سالہ حسین امین دراغمہ گرفتار کرلیا گیا۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوجیوں نے ایک کار میں سوار دو فلسطینیوں ربیع الشافعی اور حسام ابو زینہ کو رام اللہ جاتے ہوئے زعترہ چیک پوسٹ سے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہروں الخلیل ، بیت لحم اور رام اللہ میں بھی اسرائیلی فوج نے رات اور علی الصباح فلسطینی شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔

بیت لحم میں تلاشی کے دوران 45 سالہ بسام نعیم البلبول کو حراست میں لیا گیا۔ البلبول ماضی میں بھی اسرائیل کی جیلوں میں چار سال تک قید رہ چکے ہیں۔ ایک دوسرے شہری 19 سالہ فادی یوسف النیص کو بیت لحم میں نحالین کے مقام سے حراست میں لیا گیا۔

رام اللہ اور الخلیل سے بھی متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی