چهارشنبه 30/آوریل/2025

ترکیہ میں چھٹی کے دن بچوں کا اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی

جمعرات 24-اپریل-2025

دیار بکر – مرکز اطلاعات فلسطین

ترکیہ کے جنوب مشرقی صوبے دیار بکر میں بچوں نے بدھ کے روز غزہ کی پٹی میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ "قومی خودمختاری اور بچوں کے دن” کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر ایک مارچ کا اہتمام کر کے ان سے اظہار یکجہتی کیا۔

انادولو ایجنسی کے مطابق’ترکش یوتھ فاؤنڈیشن‘ اور یوتھ ایڈوکیسی سنٹر کے زیر اہتمام بچے ضلع سور کی سلیمان مسجد میں جمع ہوئے اور بینرز اٹھا کر قورشونلو مسجد کی طرف مارچ کیا۔

"غزہ میں اپنے بھائیوں کے لیے دیار بکر کے بچوں کی ریلی” کے عنوان کے تحت منعقد ہونے والی اس تقریب میں شرکاء نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی جانب سے ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے جاری نسل کشی کے خلاف نعرے لگائے۔

تقریب کے ایک حصے کے طور پر قورشونلو مسجد کے صحن میں ایک نمائش کا آغاز کیا گیا، جس میں غزہ کی پٹی میں فلسطینی بچوں اور ان کے مصائب کو دکھایا گیا تھا۔

ترکیہ ہر سال 23 اپریل کو ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی (پارلیمنٹ) کے افتتاح اور بچوں کا دن مناتا ہے۔ چونکہ جمہوریہ کے بانی مصطفی کمال اتاترک نے قومی خودمختاری کا دن دنیا کے تمام بچوں کے لیے وقف کیا تھا، اس لیے اس کا نام بدل کر "قومی خودمختاری اور بچوں کا دن” رکھ دیا گیا۔

مظاہرے میں بچوں کی جانب سے پڑھے گئے ایک بیان میں 13 سالہ مصطفیٰ اورحان نے کہا کہ وہ غزہ میں اپنے بھائیوں کی حمایت اور اپنی حمایت ظاہر کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔

اورحان نے مزید کہاکہ”ہم اپنی مرضی کے مطابق نہیں کھیل سکتے۔ ہم لطف اندوز نہیں ہوسکتے، کیونکہ غزہ میں آج کھیل یا پارک جیسی کوئی چیز نہیں ہے”۔

مارچ کے اختتام پر بچوں نے غزہ میں اپنےمظلوم بھائیوں کے مصائب کی طرف توجہ مبذول کرانے اور انہیں امید کا پیغام دینے کے لیے آسمان پر غبارے چھوڑے۔

امریکی حمایت کے ساتھ اسرائیل 7 اکتوبر 2023ء سے غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے، جس میں 168,000 سے زیادہ فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں، اور 11,000 سے زیادہ لاپتہ ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی