چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی کابینہ غزہ کے 40 فیصدحصے پر قبضے پرغور، 2.7 ارب ڈالر درکار ہوں گے:فوج

منگل 22-اپریل-2025

مقبوضہ بیت المقدس – مرکزاطلاعات فلسطین

قابض اسرائیلی فوجی کیبنٹ نے منگل کی شام کو غزہ کی پٹی میں جنگ کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیےاجلاس منعقد کیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنگ کو دوبارہ شروع کرنے کی لاگت کا تخمینہ تقریباً 2.7 بلین ڈالر لگایا ہے۔

کابینہ کا اجلاس ’شین بیت‘ کے سربراہ رونن بار اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے درمیان گہرے بحران کے درمیان ہوا ہے، جس میں پیر کو سپریم کورٹ میں بار کی گواہی کے بعد جس میں نیتن یاہو کی شدید تنقید بھی شامل تھی۔ نیتن یاہو نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے جواب دیا اور انہیں "جھوٹا اور گمراہ کن” قرار دیا۔

عبرانی اخبار ’معاریو‘ کے مطابق تفصیلات سے واقف حکام کا کہنا ہے کہ’ شین بیت‘ سکیورٹی سروس کے سربراہ کو کابینہ کے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ آیا وہ شرکت کریں گے یا نہیں۔

یہ پیش رفت اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کے ایک ہفتہ قبل جاری بیان کے بعد سامنے آئی ہے۔ انتہا پسند سموٹرچ نے نیتن یاہو سے رونن بار کو ملاقاتوں یا ان کے ساتھ کام کرنے کی دعوت نہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ سموٹرچ نے نیتن یاہو کو تجویز دی کہ اگر شین بیت کے سربراہ موجود ہیں تو وہ میٹنگوں میں شرکت نہیں کریں گے۔

عبرانی اخبار ’معاریو‘ نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے ایک ماہ سے زائد عرصے بعد دوبارہ شروع ہونے والی جنگ، اور بڑے پیمانے پر قبضے کے ذریعے جارحیت کو وسعت دینے کے موجودہ ارادے پر "بہت زیادہ رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے”۔

انہوں نے وضاحت کی کہ فوج تقریباً 10 بلین شیکل (2.7 بلین ڈالر) کے بجٹ میں نمایاں اضافے کی ضرورت کے بارے میں بات کر رہی ہے۔

اخبار نے لکھا کہ "حالیہ دنوں میں وزارت دفاع جنگ کو طول دینے اور پھیلانے کے لیے آنے والے ہفتوں میں غزہ کی پٹی کے تقریباً 40 فیصد حصے پر قبضہ کرنے کے لیے اضافی لاگت کا حساب لگا رہی ہے، تاکہ اسے ‘یہودی بستیوں’ کی سکیورٹی کا نام دیا جائے۔”

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں اضافے کی اس ضرورت کا اظہار "حالیہ دنوں میں وزیر دفاع یسرائیل کاٹز سمیت اعلیٰ سرکاری عہدیداروں نے کیا ہے”۔

جب کہ اخبار "اسرائیل ہیوم” نے رپورٹ دی ہے کہ قابض حکومت اس بات پر قائل ہے کہ اسرائیل کو غزہ پر فوجی دباؤ بڑھانا چاہیے۔

اس نے لکھ کہ نیتن یاہو، کاٹز اور لیکوڈ کے بیشتر وزراء کا خیال ہے کہ "فوجی دباؤ کا مرکزی مقصد مغوی (اسرائیلی قیدیوں) کی رہائی کے لیے مذاکرات میں رعایت حاصل کرنا ہے۔حماس کو زیر کرنا اس کوشش کا نتیجہ ہوگا”۔

مارچ کے شروع میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا۔ یہ معاہدہ، جو 19 جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوا۔

قابض فوج نے 18 مارچ کو پرتشدد، بڑے پیمانے پر فضائی حملوں کا آغاز کرتے ہوئے تباہی کی جنگ دوبارہ شروع کی، جن میں سے زیادہ تر شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں گھروں اور خیموں میں رہائش پذیر بے گھر افراد بھی شامل تھے۔

سات اکتوبر 2023 سے اسرائیلی فوج مکمل امریکی حمایت کے ساتھ غزہ میں نسل کشی کر رہی ہے، جس سے 168,000 سے زیادہ فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں، اور 11,000 سے زیادہ لاپتہ ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی