مقبوضہ بیت المقدس ۔مرکزاطلاعات فلسطین
قابض اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے پیر کو بحریہ کے سابق کمانڈر ایلی شرویت کو داخلی سلامتی کے ادارے ’شین بیت‘ کا نیا سربراہ مقر کیا ہے۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے: "سات قابل امیدواروں کے ساتھ گہرائی سے انٹرویو کرنے کے بعد وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے بحریہ کے سابق کمانڈر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ایلی شرویت کو شین بیت (شاباک) کا نیا سربراہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔”
بیان کے مطابق میجر جنرل شرویت نے اسرائیلی فوج میں 36 سال خدمات انجام دیں جس میں بحریہ کے کمانڈر کے طور پر پانچ سال بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ "اس کردار میں انہوں نے اقتصادی پانیوں میں بحری دفاعی قوت کی تشکیل کی قیادت کی اور حماس، حزب اللہ اور ایران کے خلاف پیچیدہ آپریشنل نظام کا انتظام کیا”۔
بیان کے مطابق وزیر اعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ میجر جنرل شرویت شین بیت کی قیادت کرنے کے لیے موزوں شخص ہیں۔
اس ماہ کے شروع میں سپریم کورٹ نے شین بیت کے سربراہ رونن بار کو برطرف کرنے کے حکومتی فیصلے کو اس وقت تک معطل کر دیا تھا جب تک کہ وہ 8 اپریل کو اس فیصلے کے خلاف اپیلوں پر غور نہیں کرتی۔