مصر کے وزیرخارجہ سامح شکری ایک روزہ دورے پرآج اتوار کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں پہنچے ہیں جہاں وہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور اسرائیلی وزیردفاع وخارجہ سمیت متعدد دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار’’ہارٹز‘‘ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مصری وزیرخارجہ سامح شکری صدر عبدالفتاح السیسی کی طرف سے خصوصی مشن پر اسرائیل پہنچے ہیں۔ گذشتہ نو برس میں کسی مصری وزیرخارجہ کا یہ پہلا دورہ اسرائیل ہے۔
اخباری رپورٹ کے مطابق مصری وزیرخارجہ ایک ہفتہ قبل فلسطینی اتھارٹی کے ہیڈ کواٹر رام اللہ کے دورے پربھی آئے تھے جہاں انہوں نے صدر محمود عباس اور دیگر فلسطینی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کی تھیں۔
اخبار نے مصر کےسفارتی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ سامح شکری اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل میں مذاکرات کی بحالی پربھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق مصری وزیرخارجہ صدر عبدالفتاح السیسی کی طرف سے خصوصی طورپر اسرائیل کے دورے پرفلسطین، اسرائیل مذاکرات کی بحالی کی مساعی کے ضمن میں بھیجے گئے ہیں۔ چند ہفتے قبل صدر السیسی نے فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کی بحالی میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی تھی۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سامح شکری کا حالیہ دورہ اسرائیل اسی پیشکش کے تناظر میں کیا گیا ہے۔