جکارتہ ۔انتارا – مرکزاطلاعات فلسطین
انڈونیشیا کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کے رہائشیوں کی انڈونیشیا منتقلی کے حوالے سے اسرائیل سمیت کسی بھی فریق کے ساتھ کوئی معاہدہ یا بات چیت نہیں ہوئی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رولینسیاہ سومیرات نے جمعرات کو ایک بیان میں کہاکہ”انڈونیشیا کی حکومت نے غزہ کے باشندوں کو انڈونیشیا منتقل کرنے کے منصوبے کے بارے میں کسی بھی فریق کے ساتھ بات چیت نہیں کی ہے اور نہ ہی کوئی اطلاع سنی ہے۔ بہت سے غیر ملکی میڈیا اداروں نے اس حوالے سے جعلی رپورٹنگ کی ہے”۔
سومیرات کا یہ تبصرہ اسرائیلی رپورٹس کے جواب میں آیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے تقریباً 100 رہائشی پائلٹ رضاکارانہ نقل مکانی کے پروگرام کے تحت تعمیراتی شعبے میں کام کرنے کے لیے انڈونیشیا جائیں گے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ انڈونیشیا اس وقت جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کی حوصلہ افزائی کرنے، غزہ میں انسانی امداد کی اجازت دینے اور علاقے میں تعمیر نو کے فوری آغاز کو یقینی بنانے پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔