جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی بدو کے غلطی سے غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کا اسرائیلی دعویٰ

جمعرات 14-جولائی-2016

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ کل بدھ کو ایک اسرائیلی بدو غلطی سے راستہ بھول کرسرحدی باڑ عبور کرتے ہوئے غزہ کی پٹی میں داخل ہو گیا، جس کی تلاش کا عمل جاری ہے، تاہم اس کے بارے میں کوئی پتا نہیں چل سکا ہے۔

عبرانی نیوز ویب پورٹل 0404 نے اپنی رپورٹ میں فوجی ذریعے کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی بدو کی غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کی خبر کے سامنے آتے فوج نے سرحد پر ہائی الرٹ کر دیا تھا اور گم ہونے والے  یہودی آباد کار کی تلاش شروع کر دی گئی تھی تاہم اس کے بارے میں کوئی علم نہیں ہو سکا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک اسرائیلی بدو نوجوان غزہ کی پٹی کی سرحدی باڑ عبور کر کے غزہ میں داخل ہو گیا۔ فوج نے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے بھی سرحدی علاقوں میں اس کی تلاش کی کوشش کی ہے مگراسے تلاش نہیں کیا جا سکا ہے۔

عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ کی ویب سائیٹ پر شایع ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ یہودی آباد کار جنوبی غزہ کے خان یونس شہر کے مشرق میں وادی الباشور کے مقام سے غزہ میں داخل ہوا۔ فوج نے فوری طور پر اس کی تلاش شروع کی مگر وہ غزہ جانے کے بعد گم ہو گیا۔ غزہ میں داخل ہونے والے یہودی آباد کار کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ دوسری جانب غزہ کی پٹی میں حکام نے کسی مشتبہ یہودی آباد کار کے غزہ میں داخل ہونے سے متعلق خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

خیال رہے کہ سنہ 2014ء میں ابراہام منگیسٹو نامی ایک یہودی آباد کار غزہ میں داخل ہو گیا تھا۔ اسے فلسطینی مزاحمت کاروں نے  حراست میں لینے کے بعد جنگی قیدی بنا رکھا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی