غزہ ۔ مرکزاطلاعات فلسطین
اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے عرب اور مسلمان ممالک کی عوام ، حکومتوں اور تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہمارے فلسطینی عوام کی حمایت میں اپنی تاریخی ذمہ داریاں ادا کریں اور غزہ کی پٹی پر مسلط کردہ ناجائز محاصرے کو توڑنے کے لیے فوری اقدام کریں۔غزہ کے خلاف ہونے والے وحشیانہ قتل عام کو روکنے کے لیے سنجیدگی سے کام کریں۔
حماس نے ہفتے کے روز اخباری بیان میں کہاکہ "قابض صیہونی فوج نے غزہ کی پٹی میں بچوں، عورتوں اور بوڑھوں سمیت معصوم شہریوں پر اپنے وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پوری پٹی میں گھروں، رہائشی محلوں اور پناہ گاہوں پر بمباری تیز کر دی ہے۔ مکمل ناکہ بندی کے دوران خوراک، پانی، ادویات اور ایندھن سمیت تمام ضروریات زندگی کی فراہمی پر مکمل پابندی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ دہشت گرد نیتن یاہو حکومت کی طرف سے کیے جانے والے جرائم بین الاقوامی قانون کی صریح اور بے مثال خلاف ورزی اور جنگ کے وقت شہریوں کے تحفظ کے لیے قائم کیے گئے تمام انسانی اقدار اور کنونشنوں کی بے توقیری ہے۔
انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور اس کے اداروں بالخصوص سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں ہونے والے جنگی جرائم اور مکمل طور پر نسل کشی کے حوالے سے اپنی پوری ذمہ داریاں ادا کریں۔