فلسطینی محکمہ مذہبی امور نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی سے سیکڑوں عازمین حج کو آئندہ ماہ اگست کی 31 سے 2 ستمبر کے درمیان حجاز مقدس روانہ کیا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق محکمہ امور دینیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق غزہ کی پٹی کے حجاج کرام کی واپسی 20 اکتوبر کو ہو گی اور واپسی کے لیے بھی تین دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی عازمین حج کی آمد ورفت کے لیے فلسطینی سول ایوایشن اتھارٹی اور مصری فضائی کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ غزہ کی پٹی کے عازمین حج کو تین پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائے گا اور تین پروازوں ہی سے ان کی واپسی ہو گی۔
فلسطینی وزیر مذہبی امور واوقاف یوسف ادعیس نے بتایا کہ مصری حکام کے ساتھ غزہ کے عازمین حج کے حوالے سے شیڈول طے پا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصر کی ایئر لاین فلسطینی عازمین حج کو ہرممکن سہولت مہیا کرے گی۔