مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دنیا کے 34 ملکوں میں اظہار یکجہتی ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں گذشتہ روز برازیل کے شہر وزڈو ایگواسو میں ایک ہزار سے زاید سماجی کارکنوں، کھلاڑیوں اور عام شہریوں نے ’’فلسطینیوں کے لیے دوڑ میں شامل ہوں‘‘ کے عنوان سے ایک میراتھن دوڑ کا مقابلہ منعقد کیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق برازیل میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے میراتھن دوڑ کا اہتمام ’’وزڈو ایگواسو‘‘ شہر کی خاتون میئر، برازیل میں متعین فلسطینی سفیر، انسانی حقوق کی تنظیم سوڈ ایٹاپیو کے چیئرمین اور کئی دوسرے شہروں کی انتظامیہ کے عہدیداروں کے علاوہ کھلاڑیوں، سماجی کارکنوں اور انسانی حقوق کے مندوبین نے شرکت کی۔
برازیل میں منعقدہ میراتھن دوڑ سے خطاب کرتے ہوئے برازیل میں متعین فلسطینی سفیر ابراہیم الزبن نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی دوڑ میں حصہ لینے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلسطینی سماجی کارکنوں اور فلسطینی سفارتی مہمات کی کامیابی ہے کہ برازیل میں ہزاروں افراد فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکل کر مارچ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میراتھن دوڑ تحریک آزادی فلسطین کا حصہ ہے اور اس طرح کی سرگرمیاں فلسطین کی آزادی تک جاری رکھی جائیں گی۔