جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینی صحافیوں کی تعداد 24 ہوگئی

جمعرات 1-ستمبر-2016

اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں وحشیانہ کریک ڈاؤن کے دوران کل بدھ کو پانچ فلسطینی صحافیوں کو حراست میں لے لیا، جس کے بعد صہیونی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینی صحافیوں کی تعداد 24 ہو گئی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین اسیران اسٹڈی سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بدھ  کے روز اسرائیلی فوجیوں نے  الخلیل میں دورا کے مقام سے نشریات پیش کرنے والے مقامی ریڈیو چینل’’السنابل‘‘ کے دفتر پرچھاپہ مار کر دفتر کو سیل کر دیا اور وہاں پر موجود پانچ صحافیوں کو حراست میں لینے کے بعد اذیتی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  حراست میں لیے گئے فلسطینی صحافیوں کی شناخت محمدعمران، نضال عمر، احمد الدراویش، حامد النمورہ اور منتصر نصار کے ناموں سے کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے فلسطینی صحافیوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی پریس کلب دو ارکان عمر نزال اور سرطان کے مریض  صحافی بسام السائح کو چند ماہ قبل حراست میں لیا گیا۔ ان کی خرابی صحت کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کل بدھ کو فلسطین کے الخلیل شہر سے نشریات پیش کرنے والے ایک مقامی ریڈیو چینل ’’سنابل‘‘ کے دفتر پراسرائیلی فوج نے دھاوا بول دیا تھا۔ صہیونی فوجیوں نے ریڈیو چینل بند کرنے کے بعد اس کی تمام مشینری قبضے میں لے لی اور عملے کو گرفتار  کر دیا گیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی