اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے زیرحراست ایک فلسطینی نوجوان کو 14 سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کلب برائے اسیران کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ "سالم” نامی ایک اسرائیلی فوجی عدالت نے زیر حراست 18 سالہ فلسطینی لڑکے نائل طبیب کو 14 سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔ زیرحراست فلسطینی نوجوان کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے قلقیلیہ شہر کے عزون قصبے سے ہے۔
خیال رہے کہ طبیب کو صہیونی فوج نے 26 دسمبر 2014ء کو گرفتار کیا تھا۔ اس وقت اس کی عمر 16 سال تھی۔ انسانی حقوق کی مقامی اور عالمی تنظیموں کی طرف سے فلسطینی نوجوان کو دی گئی قید کی سزا پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ صہیونی عدالت سے ایک کم عمر بچے کو دی گئی سزا عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔