ترکی نے ملک کے جنوبی علاقے غازی عنتاب سے متصل شامی علاقے جرابلس کی سرحد پر کنکریٹ کی تعمیر شروع کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین نے ترک ذرائع ابلاغ کے حوالےسے بتایا ہے کہ ترک حکام نے جنوبی ریاست غازی عنتاب میں ’’قارقامش‘‘ کے مقام پر کنکریٹ کی دیوار کی تعمیر شروع کی ہے جس کا مقصد شام اور ترکی کے درمیان جنگجوؤں کی آمد و رفت کو روکنا ہے۔
اناطولیہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرحد پر دیوار کی تعمیر کا مقصد شام اور ترکی کے درمیان دہشت گردوں کی آمد و رفت کو روکنا اور علاقے کو دولت اسلامی ’داعش‘ کی بچھائی گئی بارودی سرنگوں سے صاف کرنا ہے۔
خیال رہے کہ ترکی کے جنوب کی سمت میں واقع شامی شہر جرابلس پر ترک فوج نے حال ہی میں آپریشن شروع کیا تھا۔ اس فوجی آپریشن کے دوران ترک فوج نے داعش اور کردوں سے چار سو کلو میٹر کا علاقہ خالی کرا لیا تھا۔