اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں جمعرات کے روز گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت’حماس‘ کے ایک سرکردہ رہ نما سمیت کم سے کم 14 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فورسز نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں تلاشی کےدوران حماس رہ نما احمد زید اور سابق فلسطینی اسیر فادی درویش کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ دونوں کی گرفتاری الجلزون پناہ گزین کیمپ سے عمل میں لائی گئی۔ رام اللہ مین بیت ریما کے مقام سے صدام ساھر البرغوثی نامی شہری کو بھی گرفتار کیا گیا۔
فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس رہ نما کی گرفتاری رات کے دو بجے عمل میں لائی گئی۔ احمد زید کو ان کے گھر سے سوتے میں اٹھایا گیا۔ بعد ازاں انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
احمد زید رام اللہ میں حماس کے اہم رہ نماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ ماضی میں بھی متعدد مرتبہ گرفتار کیے جا چکےہیں۔ صہیونی حکام نے انہیں کئی سال قبل لبنان بے دخل کردیا تھا۔
ادھر غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں عسکر کیمپ میں تلاشی کے دوران سابق فلسطینی سایر ھشام بشکار کو حراست میں لیا گیا۔
صہیونی فورسز نے نابلس میں عراق بورین کے مقام پر بھی چھاپے مارے مگر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ سبسطیہ قصبے میں تلاشی کے دوران عنان بحلق نامی شہری کو حراست میں لیا گیا۔
بیت لحم میں الخضر کے مقام سے سیف الدین الھو اور بسام غنیمات کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
ادھر بیت المقدس میں العیساویہ کے مقام سے اسرائیلی پولیس نے دو سگے بھائیوں حامد اور آدم شفیق عبید اورشادی محیسین کو حراست میں لے لیا۔
قبل ازیں الخلیل شہر سے 21 سالہ عنان عبدالحمید اخلیل، 22 سالہ محمد حسن عادی کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔
اسرائیلی فورسز نے جنین شہر میں تلاشی کے دوران صبری کمیل اور قلندیا سے رامی محمد سجدیہ کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔