جمعه 15/نوامبر/2024

غزہ کے گرد کنکریٹ کی دیوار کے اسرائیلی منصوبے پرکام تیز کردیا گیا

جمعہ 9-ستمبر-2016

اسرائیلی اخبارات نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ فوج نے غزہ کی پٹی کے گرد سرحد پر زیرزمین اور سطح زمین پر کنکریٹ کی دیوار کی تعمیر کا کام تیز کر دیا ہے۔

اسرائیل کے عبرانی اخبار’’ہارٹز‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دو ارب شیکل کی لاگت سے شروع کیے گئے دیوار کے پروجیکٹ پر کام پہلے بھی جاری تھا مگر اب اس میں تیزی لاگئی گئی ہے۔ فوج کی نگرانی میں جاری دیوار کی تعمیر کا کام مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

عبرانی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد سے متصل علاقے میں دیوار کی تعمیر کا منصوبہ جلد ازجلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ دیوار سیکڑوں کلومیٹر تک طویل ہو گی۔ جو کئی میٹر زیرزمین اور کئی میٹر سطح زمین پربلند ہو گی۔

عبرانی ذرائع کے مطابق دیوار کی تعمیر کا مقصد غزہ کی پٹی میں موجود فلسطینی مزاحمت کاروں کو سرنگوں کے ذریعے اسرائیلی علاقوں تک رسائی سے روکنا بالخصوص اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے مزاحمتی کارکنوں کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرنا ہے۔

عبرانی میڈیا کے مطابق یہ دیوار غزہ کی پٹی کے ہراس قصبے کے سامنے تعمیر کی جائے گی جہاں سے فلسطینی مزاحمت کاروں کی سرحدی دراندازی کے امکانات موجود ہیں۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ منصوبے کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے 600 ملین شیکل کی رقم فوری طور پر ادا کر دی گئی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی