جمعه 15/نوامبر/2024

عالم اسلام قبلہ اول کی پنجہ یہود سے آزادی کے لیے اٹھ کھڑاہو

ہفتہ 10-ستمبر-2016

فلسطین اور دیار مقدسہ کے مفتی اعظم الشیخ محمد حسین نے کہا ہے کہ غاصب صہیونی قبلہ اول کو مسلمانوں سے چھیننے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ قبلہ اول کی آزادی اور اسے پنجہ یہود سےچھڑانے کے لیے عالم اسلام کو بیدار ہونا پڑے گا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مفتی اعظم فلسطین نے کہا کہ مسجد اقصیٰ صرف فلسطینیوں کی نہیں بلکہ پوری مسلم امہ کی ہے۔ اس کا دفاع بھی عالم اسلام کی ذمہ داری ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ پورا عالم اسلام قبلہ اول کو پنجہ یہود سے آزاد کرانے اور بیت المقدس کو صہیونیوں کے غاصبانہ تسلط سے چھڑانے کے لیے متحد ہوجائے۔

مفتی اعظم فلسطین نے فلسطینی قوم کی قربانیوں اور قبلہ اول کے دفاع کے لیے خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے فلسطینیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ وہ قوم ہیں جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قبلہ اول کے محافظ ہونے کی بشارت دی تھی۔ اس لیے آپ اپنا زیادہ سے زیادہ وقت قبلہ اول کے دفاع کے لیے وقف کریں، مسجد اقصیٰ کی طرف رخت سفر باندھیں، نمازیں اور نوافل ادا کریں، مسجد اقصیٰ میں آکر تلاوت کلام پاک کو معمول بنائیں اور یہاں پرہونے والے اسلامی دورس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ غاصب صہیونیوں کو قبلہ اول کے حوالے سے اپنی ریشہ دوانیوں کو کامیاب بنانے کا موقع نہ مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ اہل فلسطین کو اللہ کے رسول کی بشارت حاصل ہے۔ یہ لوگ صبح، دوپہر شام قبلہ اول کی حفاظت کرتے ہیں اور صہیونی دشمن کی کھڑی کی گئی تمام رکاوٹیں توڑ کر وہاں پہنچ جاتے ہیں۔

ادھر کل جمعہ کو اسرائیلی فوج نے حسب معمول بیت المقدس اور غرب اردن میں فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے فلسطینیوں کو قبلہ اول میں نماز جمعہ کے لیے آنے سے روک دیا تھا مگر اسرائیلی فوج اورپولیس کی طرف سے کھڑی کی گئی تمام رکاوٹوں کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی شہری مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے لیے پہنچنے میں کامیاب رہے تھے۔

مختصر لنک:

کاپی