پھل اور انسانی صحت کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ زیادہ پھلوں کے استعمال سے انسانی صحت تندرست رہتی اور انسان توانا رہتا ہے۔ پھلوں کے استعمال سے جسم میں قوت مدافعت بڑھتی اور بیماریوں کی روک تھام میں مدد ملتی ہے مگر پھل کھانے کے لیے کچھ اوقات کا تعین بھی کم اہمیت کا حامل نہیں ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگ پھلوں کے فواید سے تو واقف ہوتے ہیں مگر ان کے کھانے کے موزوں اوقات کے بارے میں بہت کم لوگوں کو آگاہی ہوتی ہے۔
پھلوں کو مخصوص اوقات میں استعمال کرنے سے ان کے فواید اور مثبت اثرات اور نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ بولڈ اسکائی ویب سائیٹ کی ایک رپورٹ میں پھلوں کے کھانے کے لیے تین موزوں اوقات متعین کیے گئے ہیں۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے قارئین کی رہ نمائی کے لیے ان کی تفصیل پیش ہے۔
علی الصباح
خالی معدہ پھل کھانے سے جسم میں موجود زہریلے اور فاسد مادوں کے اخراج میں مدد ملتی ہے۔ اس لیے ماہرین یہ تجویز پیش کرتے ہیں کہ خالی معدہ پھلوں کا استعمال معمول بنانا چاہیے۔
سہ پہر کے وقت
پھل کھانے کا دوسرا موزوں وقت سہ پہر کا ہے۔ اگرآپ علی الصباح پھل نہیں کھا سکے ہیں تو کوشش کریں کہ کچھ پھل آپ سہ پہر کے وقت کھائیں مگر یہ خیال رکھیں کہ پھلوں اور کھانے کے درمیان کم سے کم آدھ گھنٹے کا وقفہ ضرور ہو۔ تاکہ پھل اپنے طور پر جزو بدن بن سکیں۔
ورزش سے قبل
اگر آپ ورزش کے عادی ہیں تو اچھی بات ہے۔ اگر ساتھ ساتھ پھل بھی کھاتے ہیں تو آپ کی صحت مزید بہتر ہوتی جائے گی مگر مناسب یہ ہے کہ ورزش سے آدھ گھنٹہ قبل کچھ پھل کھا لیے جائیں۔ پھل کھانے کے بعد جب آپ ورزش کریں گے تو وہ تیزی کے ساتھ جزو بدن بنتے جائیں گے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ پھلوں اور سبزیوں کو کھانے سے قبل اچھی طرح دھو لینا چاہیے تکہ ان کے بیرونی حصوں پر موجود جراثیم ختم ہو جائیں۔