فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں گذشتہ روز ایک فلسطینی نوجوان کے چاقو سے کیے گئے حملے میں صہیونی پولیس کا ایک سینیر افسر اور ایک خاتون اہلکار زخمی ہو گئی۔ دونوں زخمیوں کو اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
اسرائیلی پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ باب الساھرہ کے سامنے ایک فلسطینی نوجوان نے ڈیوٹی پر مامور ایک اسرائیلی پولیس افسر اور خاتون اہلکار پر چاقو کے پے درپے کئی وار کیے، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیل کے عبرانی نیوز ویب پورٹل 0404 کی رپورٹ کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں فلسطینی حملہ آور بھی زخمی ہوا ہے تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ اسرائیلی پولیس نے زخمی فلسطینی حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔
ویب سائیٹ کی رپورٹ کے مطابق پولیس افسر اور خاتون اہلکار پرچاقو سے حملہ شاہراہ صلاح الدین پر پیش آیا جہاں فوج اور پولیس کی بھاری نفری عموما گشت میں مصروف رہتی ہے۔
ایک دوسرے ذرائع میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور فلسطینی کو شہید کر دیا گیا ہے۔ تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
بعد ازاں یہ اطلاعات آئی تھیں کہ باب الساھرہ کے مقام پر اسرائیلی پولیس افسر کو زخمی کرنے والا ایک فلسطینی نوجوان شہید ہو گیا ہے۔ تاہم اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔