امریکا میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے آئے ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن اور امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد اال ثانی نے نیویارک میں ملاقات کی۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص پناہ گزینوں کے مسائل اور شام کے بحران کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’قنا‘‘ کے مطابق امیر قطر اور ترک صدر کے درمیان نیویارک میں طویل ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات جنرل اسمبلی کے 71 ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے موقع پرہوئی۔ دونوں رہ نماؤں نے مسئلہ شام کے پرامن اور جلد ازجلد حل سے اتفاق کیا۔
امیر قطر اور ترک صدر نے گفتگو کے دوران اتفاق کیا کہ شام میں بمباری، شہریوں کی جبری ھجرت اور قتل عام کا سلسلہ بند ہونا چاہیے اور شام کا بحران سلامتی کونسل کی قرارداد 2254 اور 2268 کے تحت حل ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ دونوں رہ نماؤں نے شام کے بحران کےحل کے لیے جنیوا1 میں طے کردہ طریقہ کار پرعمل درآمد پرزور دیا۔
ترک صدر اور امیر قطر امریکی صدر باراک اوباما کی خصوصی دعوت میں شرکت کے دوران ایرانی صدر حسن روحانی، یوکرائن کے صد پیٹرو پوروشینکو اور دیگر عالمی رہ نماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔