اسرائیلی عقوبت خانے میں دل کا دورہ پڑنے سے جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینی شہری یاسر حمدونہ کو گذشتہ روز اس کے آبائی شہر جنین میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کا جسد خاکی پورٹم مارٹم کے بعد سوموار اور پیر کی درمیانی شب اس کے ورثاء کے حوالے کیا گیا تھا جہاں گذشتہ روز ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں شہید کو سپرد خاک کر دیا گیا۔
بیٹے کی شہادت کی خبر سن کر شہید کی والدہ کی حالت غیر ہو گئی تھی اور اسے بھی اسپتال داخل کرنا پڑا تھا تاہم بعد ازاں بیٹے کے آخری دیدار کے لیے والدہ کو بھی اسپتال سے گھر لایا گیا جہاں ماں نے اپنے شہید بیٹے کوہمیشہ کے لیے الوداع کہا۔
خیال رہے کہ یاسر حمدونہ اتوار کے روز اسرائیل کی ریمون جیل میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔ حمدونہ صہیونی زنداں میں عمر قید کے تحت پابند سلاسل تھے اور قریبا پندرہ سال قید کاٹ چکے تھے۔