فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس آج جمعہ کے روز سابق اسرائیلی صدر شمعون پیریز کے جنازے میں شرکت کے لیے بیت المقدس پہنچے ہیں۔ دوسری جانب فلسطینی تنظیموں نے محمود عباس کی شمعون پیریز کے جنازے میں شرکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک اور شہداء کے خون سے غداری قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محمود عباس کا فلسطینیوں کے قاتل کے جنازے میں شرکت کرنا زخموں سے چور فلسطینی قوم سے بے وفائی اور فلسطینی شہداء کے خون سے غداری کے مترادف ہے۔
بیان میں کہا گیاہے کہ شمعون پیریز ایک مجرم تھا جس نے پوری زندگی فلسطینیوں پر مظالم کی حمایت اور فلسطینی قوم کے حقوق غصب کرنے کی سازشوں میں بسرکی۔ ایسے صہیونی لیڈر کے جنازے میں محمود عباس کا شرکت کرنا نہایت شرمناک اور دشمن سے راہ و رسم بڑھانے کے مترادف ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شمعون پیریز کے مرنے سے فلسطینی قوم میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی جب صدرمحمود عباس فلسطینیوں کے قاتل کے مرنے پر غم سے نڈھال ہیں۔ ایسے لگتا ہے کہ صدر عباس کو فلسطینی قوم کے زخموں اور قوم کی مظلومیت کا کوئی احساس تک نہیں ہے۔ فلسطینیوں کے قاتل اور فلسطینی قوم کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے فلسطینی لیڈر کی آخری رسومات میں شرکت قوم اور شہداء کے خون سے غداری کے مترادف ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کے سابق صدر شمعون پیریز گذشتہ بدھ کو 93 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ آج جمعہ کو انہیں آخری رسومات کی ادائی کے بعد دفن کیا جائے گا۔ آنجہانی شعمون پیریز کے جنازے میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے عالمی رہ نما بیت المقدس پہنچ رہے ہیں۔