اسرائیل کی عوفرنامی ایک فوجی عدالت نے زیرحراست فلسطینی رکن پارلیمنٹ اور بزرگ فلسطینی سیاست دان محمد جمال النتشہ کو چھ ماہ کے لیے انتظامی حراست میں منتقل کر دیا ہے۔ ان کی سزا میں چھ ماہ کے بعد بار بار توسیع کی جا سکے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسیر فلسطینی رہ نما کی اہلیہ احلام الشعراوی نے بتایا کہ صہیونی عدالت کی طرف سے ان کے شوہر کو چھ ماہ کے لیے انتظامی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ انہیں 29 ستمبرکو حراست میں لیا گیا تھا۔
ادھر صہیونی عدالت نے پہلے سے قید فلسطینی اسیر 20 سالہ ایمن الکرد کی انتظامی حراست میں 10 اکتوبر تک کی توسیع کی ہے۔ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے زخمی فلسطینی نوجوان کو 19 ستمبر کو بیت المقدس سے حراست میں لیا گیا تھا۔
ایمن الکرد کو گرفتاری سے قبل گولیاں مار کر زخمی کیا گیا اور بعد ازاں اسے زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔