فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں کے بعد قابض فوج کے متعدد ٹینک اور بلڈوزر غزہ سرحد سے کئی سو میٹر اندر تک آئے اور نام نہاد سرنگوں کی تلاش کے لیے فلسطینی شہریوں کی زرعی اراضی میں کھدائی کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ جنوبی غزہ کے علاقے رفح سے اسرائیلی فوج کے متعدد ٹینک اور کھدائی کرنے والی مشینیں اندر داخل ہوئیں اور سرحد کے قریب فلسطینی کاشت کاروں کے کھیتوں کھدائی کی گئی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی ٹینکوں اور بلڈوزروں کی آمد کے ساتھ ہی فضاء میں صہیونی فوج کے جنگی طیارے بھی آ گئے اور دیر تک غزہ کی فضاء میں پرواز کرتے رہے۔ قبل ازیں صہیونی فوج نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب غزہ میں متعدد مقامات پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں متعدد مکانات تباہ ہو گئے تھے۔