چهارشنبه 30/آوریل/2025

لائبرمین نے سیزفائر کی خلاف ورزی کا الزام فلسطینیوں کے سرتھوپ دیا

ہفتہ 8-اکتوبر-2016

اسرائیلی وزیردفاع آوی گیڈور لائبرمین نے غزہ کی پٹی میں بار بار کی فوجی جارحیت کو نظرانداز کرتے ہوئے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا الزام فلسطینی مزاحمت کاروں کے سرتھوپ دیا۔

ایک بیان میں لائبرمین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کو کسی قسم کی مہم جوئی کا شوق نہیں اور نہ ہی فی الحال اسرائیل کا ایسا کوئی ارادہ ہے مگر غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا پوری قوت سےجواب دیا جائے گا۔

اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 10 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایک تقریب سےخطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیردفاع آوی گیڈور لائبرمین نے کہا کہ فوج کسی نئی مہم جوئی کے لیے تیار نہیں اور نہ ہی غزہ کی پٹی میں حماس کے ساتھ کشیدگی بڑھانا چاہتی ہے۔

مگر ساتھ ہی انہوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ غزہ کی پٹی کی سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا پوری قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دشمن کو زیادہ ڈھیل دینے کے حق میں نہیں۔ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی گئیں تو فوج اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

لائبرمین کا مزید کہنا تھا کہ غزہ کی طرف سے فائرنگ کا سخت جواب دیا جائے گا۔ غزہ پر حماس کا کنٹترول ہے اور اسے یہ معلوم ہونا چاہیے کہ کسی بھی قسم کی کشیدگی کا نتیجہ کیا ہوسکتا ہے۔

اسرائیلی وزیردفاع کی طرف سے یہ الزام ایک ایسے وقت میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے سرتھوپا گیا ہے جب حال ہی میں قابض صہیونی فورسز نے غزہ کی پٹی پر متعدد مقامات پر فضائی حملے کرکے کئی مکانات تباہ کردیے تھے۔

مختصر لنک:

کاپی