فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں صہیونی ریاست کی طرف سے غیرقانونی یہودی توسیع پسندی کا سلسلہ جاری ہے۔ توسیع پسندی کے غیرقانونی منصوبوں پر یہودی مذہبی تعلیمات کا رنگ چڑھایا جاتا ہے اور نت نئے نئے پروجیکٹ شروع کر کے فلسطینیوں کی اراضی ان سے سلب کی جا رہی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی وزارت سیاحت جمعہ کے روز نئے ٹینڈر جاری کیے ہیں جن میں مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں دورا کے مقام پر ’بیت ایل‘ یہودی کالونی کو وسعت دیتے ہوئے فلسطینیوں کی ارضی پر ایک نیا پارک تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس پارک کو بھی یہودی مذہبی تعلیمات کا رنگ دیتے ہوئے جلیل القدر پیغمبر حضرت یعقوب علیہ السلام سے منسوب کیا گیا ہے۔ یوں اس پارک کے لیے ’خواب یعقوب‘ کا نام رکھا گیا ہے۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل ’’والا‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ پارک کی تیاری کے لیے جگہ کو ہموار کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔ ٹینڈر جاری کرنے کا مقصد ماہرین تعمیرات کی مدد سے پارک کا نقشہ تیار کرنا اور جلد از جلد وہاں پر تعمیرات کرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پارک کی تعمیر کے لیے سرکاری سطح پر فنڈز مختص کر دیے گئے ہیں۔ یہ پارک وزارت سیاحت ہی کی نگرانی میں تعمیر کرایا جائے گا۔
یہ پہلا موقع نہیں بیت ایل میں فلسطینیوں کی اراضی پر یہودی آباد کاروں کے لیے پارک کی تعمیر کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس پارک کی منظوری یہودی کالونی کی جانب سے سنہ 2013ءمیں دی جا چکی ہے۔ یہودی کالونی نے پارک کی اراضی کو’بیت ایل‘کا حصہ قرار دیا تھا۔
اسرائیل میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے ’السلام الآن‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’خواب یعقوب‘ نامی مجوزہ پارک یہودی کالونی ’عمونا‘ سے 500 میٹر کی مسافت پر ہے جسے سنہ 2012ء اسرائیلی سپریم کورٹ نے غیرقانونی قرار دے کر خالی کرا لیا تھا۔