چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی فوج کا کریک ڈاؤن، غرب اردن سے9 فلسطینی بچے گرفتار

منگل 11-اکتوبر-2016

 فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران قابض صہیونی فوج نے نو فلسطینی بچوں کو گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم حراستی مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوموار اور منگل کی درمیانی شب صہیونی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل اور شمالی شہر بیت لحم میں فلسطینی شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے، تلاشی کی کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینی بچوں کو حراست میں لینے کے بعد انہیں نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق صہیونی فوجیوں نے بیت لحم میں عایدہ پناہ گزین کیمپم مفتاح العودہ قبرستان کے قریب اور دیگر مقامات پر فلسطینی شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کم سے کم 9 فلسطینی لڑکوں کو حراست میں لیا گیا جن کی عمریں 18 سال سے کم بتائی جاتی ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فلسطینی بچوں کو اغواء کرنے والے اسرائیلی فوجی عربی بول رہے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فوجیوں کے کریک ڈاؤن کے خلاف مقامی شہریوں نے احتجاج کیا تو قابض فوجیوں نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی۔ تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گرفتار ہونے والے بچوں کی شناخت 14 سالہ امیر اسماعیل علیان، 16 سالہ عزالدین بدوان، محمد وحید وقیع، آدم محمد درویشم محمد ناصر درویش، عبدالفتاح ابو شعیرہ، داؤد رائد شرارہ، یوسف محمد جواریش اور محمد جمعہ دارعویس کے ناموں سے کی گئی ہے۔

ادھر الخلیل شہر میں اسرائیلی فوج نے تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران بیت امر قصبے سے دو سگے بھائیوں 24 سالہ علاء محمد نعیم حمیدان ابو ماریا اور 20 سالہ عدی کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی