فلسطین میں یکم اکتوبر 2015ء سے جاری تحریک انتفاضہ کے دوران یکم اکتوبر 2016ء تک فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں 35 صہیونی ہلاک اور 275 زخمی ہوئے جب کہ انتفاضہ کے نتیجے میں صہیونی ریاست کو غیرمعمولی معاشی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل کے نیشنل انشورنس ادارے کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ بیت المقدس میں نو اکتوبر کو ہونے والی مزاحمتی کارروائی میں دو صہیونیوں کی ہلاکت کے بعد ایک سال کے دوران ہلاک ہونے والے یہودی فوجیوں اور آباد کاروں کی تعداد 35 ہوگئی جب کہ 275 زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں نہ صرف تین درجن صہیونی ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں بلکہ صہیونی ریاست نے ہلاک ہونے والے یہودیوں کو 6 ملین شیکل اور زخمیوں کو پانچ ملین شیکل کی رقم ادا کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ایک سال کے جاری تحریک انتفاضہ القدس کے دوران فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں کے نتیجے میں صہیونی ریاست کو بھاری معاشی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔ اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں اڑھائی سو سے زاید فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں۔