چهارشنبه 30/آوریل/2025

بیت المقدس میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں

جمعرات 13-اکتوبر-2016

فلسطین کے شہر مقبوضہ بیت المقدس میں پرسوں ایک بے گناہ فلسطینی کی شہادت کے بعد مقامی شہریوں اورقابض فوج کے درمیان پرتشدد جھڑپیں جاری ہیں۔ گذشتہ روز بھی بیت المقدس کے کئی مقامات پر کشیدگی برقرار رہی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج کی فائرنگ اور تشدد کے نتیجے میں ایک  فلسطینی خاتون زخمی ہوئی ہیں جب کہ ایک خاتون سمیت متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

قدس پریس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمال مشرقی بیت المقدس میں الرام کے مقام پر ایک فلسطینی ہی شہادت کے بعد فلسطینی شہریوں میں سخت غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد کل دن بھر قابض فوج کی دہشت گردی کے خلاف سڑکوں پر سراپا احتجاج رہی۔ فلسطینی شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے قابض فوجیوں نے  طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ لاٹھی چارج، آنسوگیس کی شیلنگ اور تشدد کے دیگر حربوں کے استعمال کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہو گئے جب کہ کئی فلسطینیوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا  مشتعل فلسطینیوں نے اسرائیلی فوجیوں اور ان کی گاڑیوں پر سنگ باری بھی کی۔ اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے ایک خاتون کو الرام کے مقام سے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل  کر دیا ہے۔ گرفتار فلسطینی خاتون کی شناخت نہیں کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ اتوار کو بیت المقدس میں اسرائیلی فوج پر فدائی حملے میں ایک فلسطینی شہری مصباح ابو صبیح کی شہادت کے بعد حالات سخت کشیدہ ہیں۔ اس کشیدگی میں اس وقت اور بھی اضافہ ہو گیا جب کہ منگل کی شام قابض فوجیوں نے ایک بیس سالہ فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید اور پانچ فلسطینیوں کو زخمی کر دیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی