چهارشنبه 30/آوریل/2025

یہودیوں کے مذہبی تہوار کی آڑ میں فلسطینی شہر دوبارہ سیل کر دیےگئے

اتوار 16-اکتوبر-2016

فلسطین میں قابض صہیونی فوج نے یہودیوں کے مذہبی تہوار’عید العرش‘ کی تقریبات کی آڑ میں تمام فلسطینی شہری ایک بار پھر سیل کر دیے ہیں جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کا نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہفتے کی شام اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقوں غرب اردن، مقبوضہ بیت المقدس اور سنہ 1948ء کے تمام مقبوضہ شہروں کو سوموار کی شام تک سیل کر دیا۔ فلسطینیوں کو اپنے گھروں سے نکلنے سے منع کردیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فلسطینی اس دوران نمازوں کے لیے مساجد میں جا سکتے ہیں اور نہ ہی اپنے کاروباری مراکز میں جانے کے قابل ہیں۔ شہروں کوباہم ملانے والے مقامات پر صہیونی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے کل ہفتے کی شام جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ اتوار اور سوموار کے ایام میں یہودی عید العرش جسے عبرانی میں ’’سوکوت‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے کی تقریبات منائیں گے۔ اس مذہبی تہوار کے موقع پر فلسطینی علاقوں غزہ اور غرب اردن کے درمیان آمد و رفت، اسی طرح غرب اردن اور القدس اور شمالی فلسطین میں آمد ورفت بند رہے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کو عمومی حالات میں ایک سے دوسرے شہر میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی البتہ ہنگامی نوعیت کے کیسز میں وہ ایک سے دوسرے فلسطینی شہر میں داخل ہوسکتے ہیں مگر انہیں پہلے اسرائیلی انتظامیہ سے اس کی اجازت لینا ہو گی۔

مختصر لنک:

کاپی