فلسطین میں قابض یہودیوں کے مذہبی تہوار’عید العرش‘ کی نام نہاد تقریبات کی آڑ میں فلسطینی شہریوں کو صہیونی جیلوں میں قید ان کے پیاروں سے ملاقات سے محروم کردیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ تین دنوں سے فلسطین میں یہودی اپنے مذہبی تہوار’عید العرش‘ کی تقریبات مناتے رہے۔ اس دوران غزہ کی پٹی کے شہریوں کو اسرائیلی جیلوں میں قید اپنے پیاروں سے ملاقات سے محروم کردیا گیا۔
ریڈ کراس کی ترجمان سھیر زقوت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں صہیونی حکام کی طرف سے مطلع کیا گیا ہے کہ جب تک یہودی عید کی تقریبات جاری ہیں اس وقت تک فلسطینی قیدیوں سے ملاقاتیوں کو ملنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خیال رہے کہ صہیونی فوج نے ہفتے کے روز غزہ کی پٹی اور غرب اردن کے درمیان رابطے کے لیے استعمال ہونے والی گذرگاہیں بند کردی تھیں۔ صہیونی انتظامیہ کی طرف سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اگلے چند ایام میں یہودیوں کے مذہبی تہوار ’عید العرش‘ کی تقریبات جاری رہیں گی۔ اس دوران غزہ کی پٹی اور غرب اردن میں ہنگامی حالات کے سوا باقی آمد ور فت بند رہے گی۔