فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے نابلس میں زعترہ چیک پوسٹ کے قریب اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی لڑکی کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔
صہیونی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی لڑکی کو اس وقت گولیاں ماری گئیں جب ایک فلسطینی لڑکی نے ایک اہلکار پر چاقو سے حملہ کیا۔
دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک انیس سالہ فلسطینی لڑکی شہید ہو گئی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق شہیدہ کی شناخت رحیق شجیع محمد یوسف کے نام سے کی گئی ہے جو غرب اردن کے شمالی شہر نابلس کے شمالی قصبے عصیرہ سے تعلق رکھتی ہے اور اس کی عمر انیس سال بتائی جاتی ہے۔
قبل ازیں اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری نے کہا تھا کہ غرب اردن میں تفواح چوک کے قریب ایک مشتبہ فلسطینی مزاحمت کارہ نے بارڈر فورس کے اہلکاروں پر چاقو سے حملے کی کوشش کی تھی تاہم اس کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ فلسطینی لڑکی چاقو لہراتے ہوئے اسرائیلی فوجیوں کی طرف بڑھنے کی کوشش کررہی تھی کہ اسے گولیاں مار کر زخمی کر دیا گیا۔ بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔