اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت حانون کے مقام پر فلسطینی مزاحمت کاروں کی ایک رصدگاہ پر توپخانے سے شدید گولہ باری کی ہے تاہم اس حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔ دوسری جانب غزہ کی پٹی کے گرد یہودی کالونیوں میں خطرے کے الارم بجائے گئے ہیں جس کے بعد یہودی آباد کار زیرزمین بنکروں میں چلے گئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوموار کو علی الصباح اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں بیت حانون کے مقام پر قائم فلسطینیوں کی رصدگاہ پر توپخانے سے گولہ باری کی جس کے نتیجے میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے تاہم گولہ باری کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے توپ سے داغے گئے متعدد گولے مزاحمت کاروں کی رصدگاہ پر گرے ہیں تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ میں گولہ باری کے ساتھ ہی قرب وجوار کی یہودی کالونیوں میں خطرے کے الارم بجائے گئے ہیں۔ غزہ کی پٹی کے قریب زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دی ہیں تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا یہ دھماکے کس نوعیت کے ہیں۔
اسرائیلی فوجی ریڈیو نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی سے داغا گیا ایک راکٹ سرحد کےقریب گر کر پھٹا ہے تاہم یہ آبادی سے دور گرا ہے۔