قدرتی جڑی بوٹیوں میں پودینہ ایک ایسی بوٹی ہے جو اپنے اندربیماریوں کے علاج اور انسانی صحت وتندرستی اور توانائی کا بے بہا خزانہ سموئے ہوئے ہے۔ ماہرین پودینے کے غیرمعمولی فواید اور متنوع طبی خواص بیان کرتے ہیں۔ مرکزاطلاعات فلسطین نے بھی قوس قزح کے لیے پودینے کی افادیت پرمبنی ایک رپورٹ پر روشنی ڈالی ہے۔
صحت کے لیے مواد شائع کرنے والی ویب سائیٹس اور ماہرین صحت بہت سی بیماریوں کے لیے پودینے کو بہ طور علاج تجویز کرتے ہیں۔ معدے میں تکلیف، سردرد، اعصابی تنائو، ذہنی سکون یا کسی بھی قسم کے دوسرے جسمانی درد کے لیے یومیہ کم سے کم ایک گلاس پودینے کے مشروب کا پینا بہت مفید ہے۔
اچھی اور پرسکون نیند کے لیے پودینےکو بڑی اہمیت دی جاتی ہے۔ منہ کی بدبو کو ختم کرنے بالخصوص لہسن، پیاز اور اس قبیل کی دوسری بو دار اشیاء کے کھانے سے منہ میں پیدا ہونے والی بو کو ختم کرنے میں پودینہ اہم کردار ادا کرتا ہے۔پودینہ صرف منہ ہی کو صاف نہیں کرتا بلکہ یہ معدے اور انتڑیوں کی صفائی کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔ پودینے کا مسلسل استعمال پیٹ کی اضافی چکنائی اور چربی پگھلانے کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔ منہ کی بدبو دور کرنے کے ساتھ ساتھ پودینہ دانتوں کی حفاظت کی بھی بہترین ٹانک ہے۔
ناک کی جلن، سوزش، سینے کے امراض کے لیے تیار کی جانے والی ادویات میں پودینہ استعمال کیا جاتا ہے۔ سائنس لینے میں دشواری پیش آئے تب بھی پودینہ ہی آپ کے کام آتا ہے۔ سردی لگنے، نزلہ زکام اور پیچش سے نجات میں بھی پودینہ شافی علاج ہے۔ اس لیے ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ روزانہ تین سے چار گلاس پودینے کا مشروب پینا مذکورہ تمام فوائد کے حصول کا ذریعہ ہے۔