جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی وزیردفاع کا انٹرویو شائع کرنے پرفلسطینی اخبار کا سوشل بائیکاٹ

بدھ 26-اکتوبر-2016

فلسطینی اتھارٹی کے مقرب سمجھے جانے والے کثیرالاشاعت مقامی اخبار ’’القدس‘‘ کی جانب سےفلسطینیوں کے بدترین دشمن اور قاتل اسرائیلی وزیردفاع آوی گیڈور لائبرمین کا انٹرویو شائع کرنے پر سماجی، عوامی اور ابلاغی حلقوں کی طرف سے اخبار کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اخبار القدس کی جانب سے لائبرمین کا متنازع انٹرویو شائع پر فلسطینی کے عوامی حلقوں میں شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔ سماجی کارکنوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر ’القدس‘ اخبار کے سوشل بائیکاٹ کی مہم شروع کی ہے۔ ’’میڈیا۔ دشمن سے دوستانہ مراسم #‘‘ کے عنوان سے شروع کی جانے والی مہم بڑی تعداد میں سماجی کارکن بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

مہم میں شامل ہونے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ اخبار القدس نے فلسطینی قوم کے قاتل کا انٹرویو شائع کر کے فلسطینیوں کے زخموں پر نمک پاشی اور شہداء کے خون سے غداری کی ہے۔ القدس اخبار کو فلسطینی قوم کا نمائندہ اخبار ہونے کا دعویٰ کرنے کا اب کوئی حق نہیں رہا ہے۔

سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ فلسطینی اخبار یہ بھول گیا کہ غزہ کی پٹی میں ہزاروں فلسطینیوں کو خون میں نہلانے، فلسطینی قوم کو نیست ونابود کرنے  اور مسجد اقصیٰ کے خلاف زہر اگلنے میں پییش پیش آوی گیڈور کا ماضی کیسا بھیانک رہا ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطینی اتھارٹی کے مقرب اخبار’القدس‘ نے اسرائیلی وزیردفاع آوی گیڈور لائبرمین کا ایک انٹرویو شائع کیا تھا جس پر فلسطینی سماجی، عوامی اور ابلاغی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔

 فلسطین کے مرکزی پریس کلب اور مختلف شہروں میں صحافتی تنظیموں نے بھی اخبار القدس کے اس انوکھے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صہیونی نوازی قرار دیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی