اسرائیلی جیلوں میں انتظامی حراست کے تحت پابند سلاسل تین فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران نے انتظامیہ کی طرف سے مطالبات تسلیم کیے جانے کی یقین دہانی کے بعد بھوک ہڑتال ختم کردی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی انتظامیہ نے بھوک ہڑتالی اسیران کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے ان کی انتظامی حراست میں توسیع نہ کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائی گئی جس کے بعد اسیران نے بھوک ہڑتال روک دی۔
فلسطینی محکمہ امور اسیران چیئرمین عیسیٰ قراقع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید تین فلسطینی بھوک ہڑتالی شہریوں حسن ربایعہ ، مجد ابو شملہ اور مصعب مناصرہ نے انتظامیہ کی طرف سے انتظامی حراست میں مزید توسیع نہ کیے جانے کی تحریری یقین دہانی کے بعد بھوک ہڑتال ختم کردی ہے۔
تینوں اسیران ایک ماہ سے زاید عرصے سے بلا جواز انتظامی حراست کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے تھے۔ عیسیٰ قراقع نے بتایا کہ بھوک ہڑتال ختم کرنے والے تینوں قیدی اس وقت اسرائیل کی جزیرہ نما النقب جیل میں قید ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام کی طرف سے ان کے مطالبات تسلیم کئے جانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔