انڈونیشیا میں کل سوموار کے روز بین الاقوامی پولیس انٹرپول کے سالانہ اجلاس کے دوران فلسطینی مملکت کو تنظیم کی رکنیت دلوانے کی درخواست ایجنڈے میں سر فہرست رہی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی محکمہ خارجہ کے سیکرٹری تیسیر جرادات نے رام اللہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انڈونیشیا میں انٹرپول کے گذشتہ روز ہونے والے اجلاس کے دوران فلسطینی اتھارٹی کے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فلسطین کو رکنیت دلوانے کی درخواست سر فہرست رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کی طرف سے دی گئی درخواست میں انٹرپول سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے دستور کی دفعہ آٹھ کو منسوخ کرتے ہوئے ایک نئی دفعہ شامل کرے جس میں فلسطینی مملکت کو انٹرپول کی رکنیت دلوانے کے لیے رائے شماری کی راہ ہموار ہوسکے۔
’صوت فلسطین‘ ریڈٰیو سے بات کرتے ہوئے تیسیر جرادات نے کہا کہ فلسطینی وفد نے انٹروپول کے اجلاس میں شریک عرب اور اسلامی ممالک کے وفود سے صلاح مشورہ بھی کیا ہے۔ مسلمان اور عرب ملکوں کی طرف سے فلسطینی مملکت کو انٹرپول کی رکنیت دلوانے کے لیے بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔