اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں گزشتہ پانچ دنوں سے فلسطینیوں کے خلاف ایک منظم مہم جاری ہے جس کا مقصد انہیں صہیونی مملکت کے طول وعرض میں لگنے والی آگ کا ذمہ دار قرار دینا ہے۔
اسرائیل کے وزیر پبلک سیکیورٹی جیلاد اردان نے ایک میڈیا بیان دھمکی دی تھی کہ وہ اسرائیلی علاقوں میں لگنے والی آگ کے ذمہ دار فلسطینیوں کے مکانات تباہ کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت آگ لگانے والوں کے خلاف سخت سزاؤں کے لئے متعلقہ قوانین میں تبدیلیاں لائی گی۔
صہیونی وزیر تعلیم نفتالی بینٹ نے ہلامش یہودی کالونی کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت جلنے والے گھروں کی جگہ اور زیادہ گھر تعمیر کرے گی۔ ہلامش یہودی بستی حالیہ آتشزدگی میں بری طرح متاثر ہوئی تھی۔
اسرائیلی وزیر کھیل اور ثقافت میری ریگیو نے مطالبہ کیا کہ آتشزدگی کے ذمہ دار عربوں کی اسرائیلی شہریت واپس لے لی جائے۔ ان کی مراد ایسے فلسطینیوں سے تھی کہ جو گرین لائن ایریا میں رہائش پذیر ہیں اور اسرائیلی شہری دستاویزات رکھتے ہیں۔
اسرائیلی حکام نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ دوسرے ملکوں سے آنے والے فائر فائٹرز کی مدد سے پانچ دن بعد اسرائیل میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ اس خوفناک آگ سے متاثر ہو کر ہزاروں افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے تھے۔