یہودی آبادکاروں کے ایک جھتے نے وادی اردن کے شمالی علاقے عین السکوت کالونی میں فلسطینیوں کی ملکیتی زرعی اراضی کے بڑے رقبے پر زبردستی قبضہ کر لیا۔
ایک مقامی رہائشی نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ مقامی دیہاتیوں نے ایک صہیونی عدالت سے اپنی زمین کی ملکیت کے حق میں فیصلہ حاصل کیا تھا جس میں قرار پایا تھا کہ اراضی فلسطینیوں کی ملکیت ہے، اس پر یہودی آبادکاروں کا کوئی حق نہیں بنتا۔
انہوں نے بتایا کہ عدالت کے فیصلے کو کالونی کے قریب رہنے والے یہودی آبادکاروں نے پرکاہ برابر اہمیت نہیں دی۔ مقامی افراد کا مزید کہنا تھا کہ مٹھی بھر یہودی آبادکاروں نے گزشتہ روز دوبارہ ان کی زرعی زمین پر قبضہ کر لیا اور اس پر خود سے کاشت کاری شروع کر دی۔