اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ حکومت نے زیرحراست سابق صدر موشے کتساؤ کی سزائے قید میں کمی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی قبل از وقت رہائی کا فیصلہ کیا ہے۔
عبرانی ریڈیو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے جنسی جرائم سمیت کئی دوسرے مقدمات کے تحت قید سابق صدر موشے کتساؤ کی سزا میں کمی سے متعلق دی ایک درخواست منظور کرنے کے بعد ان کی سزا پوری ہونے سے قبل ہی رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریڈیورپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موشے کتساؤ کی رہائی ایک ہفتے کے بعد ممکن ہے۔
خیال رہے کہ موشے کتساؤ جنہیں 30 دسمبر 2010ء کو کرپشن اور جنسی جرائم کے مقدمات کے تحت کئی سال قید کی سزا سنائی تھی نے تین بار اپنی سزا میں نرمی کی درخواست دی تھی۔ دو بارسابق صدر کی درخواست مسترد کردی گئی جب کہ اب تیسری بار درخواست منظٖور کی گئی ہے۔
موشے کتساؤ پر الزام ہے کہ انہوں نے وزارت کے دور میں ایک خاتون کے ساتھ ناجائز جنسی تعلقات قائم کیے تھے جب کہ سنہ 2000ء سے 2007ء کے دوران منصب صدارت پر فائز رہتے ہوئے بھی انہوں نے دو خواتین کو جنسی ہوس کا نشانہ بنایا تھا۔