جمعه 15/نوامبر/2024

برطانیہ کاغزہ میں فلسطینی اتھارٹی کےملازمین کی تنخواہیں روکنے کا اعلان

منگل 20-دسمبر-2016

برطانوی حکومت نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں تعینات فلسطینی اتھارٹی کے ملازمین کو دی جانے والی تنخواہوں کی ادائی روکنے کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں صرف محکمہ تعلیم اور صحت سے وابستہ فلسطینی اتھارٹی کے ملازمین کو تنخواہیں جاری کرے گی۔ اس کے علاوہ دیگر شعبوں میں کام کرنے والے فلسطینی ملازمین کو امداد فراہم نہیں کی جائے گی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق برطانوی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لندن حکومت فلسطینی اتھارٹی کے امداد کے معاملے کو زیادہ موثر اور شفاف بنانے کے پروگرام پر غور کررہی ہے۔ اس ضمن میں فلسطینیوں کی دوسرے شعبوں میں ضرویات کے پیش نظر غزہ میں صرف صحت اور تعلیم کے شعبے میں کام کرنے والے ملازمین کو تنخواہیں دی جائیں گی۔ ان کے علاوہ فلسطینیوں کو دیگر شعبوں میں کسی قسم کی تنخواہ نہیں دی جاسکتی۔

خیال رہے کہ یورپی یونین، برطانیہ اور دولت مشترکہ کے ممالک فلسطینی اتھارٹی کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائی میں مدد کرتے ہیں۔ غزہ کی پٹی میں فلسطینی محکمہ صحت اور تعلیم سے وابستہ ملازمین کی تعداد 30 ہزار سے زیادہ ہے۔

برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ غزہ میں فلسطینی اتھارٹی کے ان ملازمین کو مشاہرے نہیں دیے جاسکتے جو ڈیوٹی انجام نہیں دے رہے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی