امریکا میں کی گئی ایک نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ سرخ مرچ امراض قلب سمیت کئی بیماریوں کے بچاؤ کا ذریعہ ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امریکا کی ’فیرماؤنٹ‘ یونیورسٹی کی رپورٹ کے مطابق سرخ اور انتہائی کڑی مرچیں امراض قلب، خون کی وریدوں اور دماغی فالج کے خطرات کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
اس نئی تحقیق کی تفصیلات حال ہی میں PLOS ONE نامی سائنسی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔ اس رپورٹ نے مروجہ ان نظریات کو کافی حد تک درست ثابت کیا ہے جن میں کہا جاتا ہے کہ سرخ مرچ کئی امراض سے بچاؤ کا ذریعہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسی طرح کی ایک تحقیقی رپورٹ سنہ 2015ء میں چین میں بھی جاری کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سرخ مرچ کئی بیماریوں سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
امریکا میں کی گئی تحقیق میں سرخ مرچ استعمال کرنے والے 16 ہزار امریکی شہریوں کا طبی تجزیہ کیا گیا۔ یہ تمام افراد سرخ اور سخت کڑی مرچیں بہ کثرت استعمال کرتے تھے۔ ان کے ہاں امراض قلب، خون کی وریدوں اور دماغی حملے کے خطرات 13 فی صد کم سامنے آئے ہیں۔
خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہرسال امراض قلب، خون کی نالیوں کی بندش اور دماغی فالج کے نتیجے میں ہونے والی اموات کل اموات کا 30 فی صد ہوتی ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق جلد ہی پوری دنیا میں سالانہ امراض قلب سے وفات پانے والے افراد کی تعداد 23 ملین سے تجاوز کرجائے گی۔