چهارشنبه 30/آوریل/2025

معالیہ ادومیم کی اسرائیل شمولیت کی تجویز یاھو۔ ٹرمپ ملاقات تک موخر

پیر 23-جنوری-2017

اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی کابینہ کی قانون ساز کمیٹی میں گذشتہ روز ایک تجویز پر غور کیا جانا تھا مگر وزیراعظم نیتن یاھو کی ہدایت پر’معالیہ ادومیم‘ کالونی کو اسرائیل میں ضم کرنے کی تجویز پرغور نیتن یاھو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ملاقات تک موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عبرانی اخبار’ہارٹز‘ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ صہیونی وزیراعظم نیتن یاھو ’معالیہ ادومیم‘ کالونی کو اسرائیل میں ضم کرنے کی تجویز پرنیتن یاھو سے ملاقات کے بعد غور کرنا چاہتے ہیں۔

اخباری رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز نیتن یاھو نے پارلیمنٹ کی ایک بڑی مذہبی سیاسی جماعت ’جیوش ہوم‘ کے سربراہ اور وزیرتعلیم نوتالی بینیٹ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور ان سے کہا کہ وہ معالیہ ادومیم کالونی کو اسرائیل میں ضم کرنے کی تجویز ان کی[نیتن یاھو کی] نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات تک موخر کردیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد وہ معالیہ ادومیم کالونی کو اسرائیل میں ضم کرنے کی تجویز زیرغور لائیں گے۔

اخباری رپورٹ کے مطابق نیتن یاھو اس سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیروں سے بھی بات کریں گے۔

عبرانی اخبار کے مطابق نوتالی بینیٹ نے وزیراعظم کی تجویز پرعمل کیا ہے تاہم معالیہ ادومیم کو اسرائیل میں شامل کیے جانے کے بارے میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تناؤ موجود ہے۔ اس سلسلے میں نیتن یاھو آئندہ ماہ [فروری] کے پہلے ہفتے میں امریکا کے دورے پر جائیں گے جہاں وہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔

مختصر لنک:

کاپی